رہبر شہید کی تدفین 9 جولائی کو مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے حرم اقدس میں ہوگی

رہبر شہید کی تدفین 9 جولائی کو مشہد میں امام رضا علیہ السلام کے حرم اقدس میں ہوگی

امام مجاہد شہید آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای رحمت اللہ علیہ کی آخری رسومات ادا کرنے کی ذمہ دار مرکزی کمیٹی کے ترجمان جناب ایمان عطار زادہ نے پیر 22 جون 2026 کی صبح ملکی اور غیر ملکی میڈیا کی موجودگي میں ایک پریس کانفرنس میں رہبر شہید اور ان کے شہید اہل خانہ کے وداع، جلوس جنازہ اور تدفین کے پروگراموں کی تفصیل بتائی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ امام مجاہد کے وداع، جلوس جنازہ اور تدفین کا پروگرام باضابطہ طور پر سنیچر 4 جولائی  بمطابق 19 محرم الحرام سے شروع ہو جائے گا اور پیر 6 جولائی کو دارالحکومت تہران میں رہبر شہید کا جلوس جنازہ نکالا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ تہران، قم اور مشہد مقدس میں رہبر شہید کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔

انھوں نے بتایا کہ جمعرات 9 جولائی بمطابق 24 محرم الحرام کو رہبر شہید اور ان کے ساتھ شہید ہونے والے ان کے اہل خانہ کے جلوس جنازہ کا پروگرام مشہد مقدس میں منعقد ہوگا اور جلوس جنازہ کے بعد امام زین العابدین علیہ السلام کی شب شہادت، رہبر شہید کی تدفین امام رضا علیہ السلام کے روضۂ اطہر میں انجام پائے گی۔ 

رہبر شہید کی آخری رسومات ادا کرنے کی ذمہ دار مرکزی کمیٹی کے ترجمان نے بتایا کہ مختلف ملکوں کے نمائندوں اور پوری دنیا کی سیاسی، علمی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے رہبر شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کا پروگرام بھی منعقد ہوگا جس کے وقت اور مقام کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔

عطار زادہ نے بتایا کہ عراق کے عوام، قبائل، علماء، سیاسی، ثقافتی اور مذہبی شخصیات کی جانب سے عراق میں رہبر شہید کے جلوس جنازہ کی مسلسل اور پرزور درخواستوں کے پیش نظر بدھ 8 جولائی کو نجف اور کربلا میں امام شہید کی تشییع عمل میں آئے گی اور اس پروگرام کی مکمل تفصیلات کا اعلان عراقی حکومت کی جانب کیا جائے گا۔

انھوں نے بتایا کہ امام مجاہد شہید آيت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای رحمت اللہ علیہ کے ساتھ ہی ان کے داماد شہید ڈاکٹر مصباح الہدیٰ باقری، رہبر شہید کی بیٹی شہیدہ سیدہ بشریٰ حسینی خامنہ ای، ان کی بہو اور موجودہ رہبر انقلاب کی اہلیہ شہید زہرا حداد عادل اور رہبر شہید کی نواسی شہیدہ زہرا محمدی گلپائیگانی کے جنازوں کی تشییع بھی عمل میں آئے گی۔

22 جون 2026