اپنے والد کے بارے میں رہبر شہید انقلاب کی یادوں کی کتاب کے عربی ترجمے کی رونمائی
رواق کشور دوست میں "حکایت السید"
"حکایت السید"، فارسی کتاب "روایت آقا" کا عربی ترجمہ ہے جس کا محور رہبر شہید انقلاب آیت اللہ العظمیٰ امام سید علی خامنہ ای قدس سرہ کی جانب سے اپنے والد گرامی آیت اللہ سید جواد خامنہای رحمت اللہ علیہ کی زندگی کے بارے میں بیان کردہ باتیں ہیں۔ جمعرات 14 مئی کو تہران میں عرب مہمانوں کی موجودگی میں اور امام خامنہای کی شہادت کے مقام کے قریب اس کتاب کی رسم اجراء عمل میں آئے گی۔
رہبر شہید انقلاب کی شہادت کے پچھترویں دن کتاب "حکایت السید" کی رسم اجراء کی تقریب منعقد ہوگی، جو کتاب "روایت آقا" کا عربی ترجمہ ہے اور اس میں ایرانی، عرب اور بین الاقوامی شخصیات و مہمان شریک ہوں گے۔
یہ کتاب رہبر شہید انقلاب کے والد گرامی اور استاد آیت اللہ سید جواد خامنہای کی زندگی، شخصیت اور علمی و روحانی طرز عمل کو بیان کرتی ہے، جو خود رہبر شہید کے بیانات پر مشتمل ہے اور ان کی شخصیت کی تربیتی و فکری بنیادوں کو بہتر طریقے سے سمجھنے کی غرض سے مرتب کی گئی ہے۔
کتاب "حکایت السید"جس کی رونمائی رہبر شہید انقلاب کے مقام شہادت کے قریب کی جائے گی، دستاویزی تاریخ نگاری اور زبانی تاریخ کے لحاظ سے ایک خاص مقام رکھتی ہے کیونکہ یہ صرف خاندانی واقعات کی ایک ڈائری نہیں بلکہ ایران کی سماجی و مذہبی تہوں کی طرف کھلنے والی ایک کھڑکی ہے اور ایران و عراق میں علمائے دین کے طرز زندگی اور خاندانی تربیت میں اس کے رول نیز ہم عصر ایرانی تاریخ کی بااثر شخصیات کو پروان چڑھانے میں اس کے کردار کو واضح کرتی ہے۔
اسی طرح "حکایت السید" ایک ایسے مربّی کی روشن اور واضح تصویر پیش کرتی ہے جس کا اثر شہید رہبر انقلاب کی شخصیت کی تشکیل میں بنیادی اور فیصلہ کن ہے۔ اس کتاب میں زہد، قناعت، صداقت، دینی تربیت اور ایرانی علماء کے طرز زندگی جیسی اقدار کو نجی اور مستند روایت کی صورت میں بیان کیا گیا ہے۔
13 مئی 2026

