یوکرین کے مسافر طیارے کے حادثے کے سلسلے میں
مسلح افواج کو ممکنہ غفلتوں اور کوتاہیوں کی تحقیقات کا حکم
رہبر انقلاب اسلامی نے یوکرین کے مسافربردار طیارے کے سانحے کی تحقیقات کے نتائج سامنے آ جانے کے بعد متاثرہ خاندانوں سے ایک بار پھر اظہار ہمدردی کیا اور مسلح فورسز کے جنرل اسٹاف کو ممکنہ غلطیوں اور کوتاہیوں کے بارے میں تحقیقات کرنے پر مامور کیا اور ساتھ ہی اس قسم کے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔
رہبر انقلاب اسلامی کا جاری کردہ حکم حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
یوکرین کے مسافر بردار طیارے کے سانحے کے بارے میں مسلح فورسز کی تحقیقات کے نتائج سے آگاہی ہونے اور اس میں انسانی غلطی کے واضح ہو جانے کے بعد اس اندوہناک سانحے کا غم اور زیادہ سنگین ہو گیا۔
سب سے پہلے تو یہ ضروری سمجھتا ہوں کہ ان عزیزوں کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں دلی تعزیت پیش کروں اور اللہ تعالیٰ سے ان کے لئے صبر و ضبط اور دلی سکون کی دعا کروں۔
اسکے کے علاوہ مسلح فورسز کے جنرل اسٹاف کو اس دردناک سانحے کی ممکنہ کوتاہیوں یا غفلتوں کے بارے میں تحقیقات کی ہدایت کرتا ہوں۔
اور ساتھ ہی متعلقہ عہدے داران اور ذمہ داران سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مستقبل میں اس قسم کے سانحے کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے لازمی اقدامات عمل میں لائیں۔
خدائے عزیز و کریم مرحومین کو اپنے لطف و کرم سے نوازے اور سوگوار افراد کو صبر و اجر عنایت فرمائے۔
سید علی خامنہ ای
۱۱ جنوری ۲۰۲۰
11 جنوری 2020

