امام مجاہد و شہید کی برسی کی مرکزی کمیٹی کی تشکیل
امام مجاہد و شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے تحریری و تقریری آثار کی حفاظت و اشاعت کے دفتر کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید محسن خامنہ ای کے حکم نامے کے تحت "امام مجاہد و شہید کے خونیں عروج کی برسی" کی مرکزی کمیٹی کی تشکیل عمل میں آئي اور اس کے ارکان منصوب کر دیے گئے۔
اس کمیٹی کے لیے منصوب کیے جانے والے ارکان میں نائب صدر ڈاکٹر محمد رضا عارف، آستان قدس رضوی کے متولی حجت الاسلام والمسلمین مروی، رضاکار فورس بسیج مستضعفین کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین طائب، رہبر انقلاب اسلامی کے مشیر ڈاکٹر غلام علی حداد عادل، ملک میں ائمہ جمعہ کی پالیسی ساز کونسل کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین حاج علی اکبری اور تہران کے میئر ڈاکٹر علی رضا زاکانی شامل ہیں۔
یہ کمیٹی 28 فروری کو رہبر شہید انقلاب اسلامی کی شہادت کی برسی کے پروگراموں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر طے اور ان کی نگرانی کرے گی۔
اس حکم نامے میں اس الہی رہبر کی راہ اور پیغام کو آگے بڑھانے کے مقصد سے امام مجاہد و شہید کے افکار و عمل کی تشریح کرنے، ان کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرنے اور " امام مجاہد و شہید کے مکتب" سے آگاہی بڑھانے کو کمیٹی کی ذمہ داریوں میں شامل قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح ملت اور امت کی بعثت کی تقویت اور قومی و اسلامی اتحاد کے استحکام پر بھی زور دیا گیا ہے۔
بین الاقوامی سطح پر مخاطبین کے وسیع دائرے اور ان کے تنوع پر توجہ، عوامی سرگرمیوں کا اہتمام اور ثقافتی، فنی، سیاسی اور سماجی پروگراموں کی منصوبہ بندی اور ان پر عمل بھی اس حکم نامے کے دیگر اہم نکات ہیں۔ حکم نامے میں رسمی اور نمائشی کاموں اور بے جا اخراجات سے سختی سے پرہیز پر بھی تاکید کی گئی ہے۔
رہبر شہید انقلاب اسلامی کی شہادت کی برسی کی کمیٹی کے ارکان کی تقرری کے حکم نامے کا متن حسب ذیل ہے:
بسم الله الرحمن الرحیم
إِنَّ اللَّهَ اشْتَرَى مِنَ الْمُؤْمِنِينَ أَنفُسَهُمْ وَأَمْوَالَهُم بِأَنَّ لَهُمُ الْجَنَّةَ يُقَاتِلُونَ فِي سَبِيلِ اللَّهِ فَيَقْتُلُونَ وَيُقْتَلُونَ وَعْدًا عَلَيْهِ حَقًّا فِي التَّوْرَاةِ وَالْإِنجِيلِ وَالْقُرْآنِ وَمَنْ أَوْفَى بِعَهْدِهِ مِنَ اللَّهِ فَاسْتَبْشِرُوا بِبَيْعِكُمُ الَّذِي بَايَعْتُم بِهِ وَذَلِكَ هُوَ الْفَوْزُ الْعَظِيمُ. التَّائِبُونَ الْعَابِدُونَ الْحَامِدُونَ السَّائِحُونَ الرَّاكِعُونَ السَّاجِدُونَ الْآمِرُونَ بِالْمَعْرُوفِ وَالنَّاهُونَ عَنِ الْمُنكَرِ وَالْحَافِظُونَ لِحُدُودِ اللَّهِ وَبَشِّرِ الْمُؤْمِنِينَ. (بے شک اللہ تعالیٰ نے مومنین سے ان کی جانیں اور ان کے مال اس قیمت پر خرید لیے ہیں کہ ان کے لیے بہشت ہے وہ اللہ کی راہ میں جنگ کرتے ہیں تو وہ مارتے بھی ہیں اور خود بھی مارے جاتے ہیں (ان سے) یہ وعدہ اس (اللہ تعالیٰ) کے ذمہ ہے تورات، انجیل اور قرآن (سب) میں اور اللہ سے بڑھ کر کون اپنے وعدہ کا پورا کرنے والا ہے؟ تو اے مسلمانو! تم اس سودے پر جو تم نے خدا سے کیا ہے خوشیاں مناؤ۔ یہی تو بڑی کامیابی ہے۔ (ان لوگوں کے اوصاف یہ ہیں کہ) یہ توبہ کرنے والے (اللہ کی عبادت کرنے والے (اس کی) حمد و ثنا کرنے والے (اس کی راہ میں) سیر و سیاحت کرنے والے (یا روزہ رکھنے والے) رکوع و سجود کرنے والے، نیکی کا حکم دینے والے، برائی سے روکنے والے اور اللہ کی مقررہ حدود کی حفاظت کرنے والے ہیں اور (اے رسول!) مومنوں کو خوشخبری دے دیجیے (اور یہی وہ مومن ہیں۔) سورۂ توبہ، آیات 111 اور 112)
امت کی تاریخی بعثت کے عظیم معلم اور ان کے شہید ساتھیوں پر خدا کا درود و سلام ہو۔
عصر حاضر کی عظیم و منفرد شخصیت، انقلاب اسلامی کے درخشاں آفتاب، اسلام عزیز کی جامعیت کے مظہر، غیبت کے دور میں امت مسلمہ کے سید الشہداء، نئے اسلامی تمدن کے معمار اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مکتب کے عظیم ترین شاگرد، عظیم المرتبت قائد، امام مجاہد و شہید آیت اللہ العظمیٰ سیدعلی خامنہ ای کی بلند پایہ شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے،
اور آپ کی عظیم الشان جاں نثاری اور خونیں عروج کے واقعے کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے، جو قوموں کو بیدار کرنے والا، خدا و انسانیت کے بدترین دشمنوں کی ذلت و زوال کی رفتار تیز کرنے والا اور "اسلامی انقلاب کے دوسرے مرحلے" کے پہلے عشرے میں ملت اور امت کو سعادت کی بلندیوں تک پہنچانے کے ذریعے کی مانند ہے،
اور انقلاب اور اسلامی مملکت ایران کے دفاع میں قوم، امت مسلمہ اور دنیا بھر کے مستضعفین کی عظیم بیداری کے معرکے کو یاد کرنے کے لیے،
"امام مجاہد و شہید کے خونیں عروج کی برسی" کی مرکزی کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے اور آپ کو اس کا رکن منصوب کیا جاتا ہے۔
اس "کمیٹی" کی ذمہ داری ہے کہ ان کے صالح جانشین، امت مسلمہ کے مقتدیٰ، امام عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے نائب، آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای مدظلہ العالی کی رہنمائی اور حکم کے تحت "آقائے شہید ایران" کے افکار و عمل کی تشریح اور ان کی نورانی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے، اس الہی رہبر کی راہ اور پیغام کو آگے بڑھانے کے مقصد سے "امام مجاہد و شہید کے مکتب" سے آگاہی میں اضافے کے لیے کوشش کرے تاکہ قوم اور امت کی بعثت کی تقویت اور قومی و اسلامی اتحاد و یکجہتی کے استحکام کے ذریعے نئے اسلامی تمدن کی تمہید کے طور پر دین، عقل، علم اور عزم کے میدانوں میں خودسازی اور معاشرے کی تشکیل کے عمل کو آسان اور تیز تر بنایا جا سکے۔
"کمیٹی" کو چاہیے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر مخاطبین کے وسیع دائرے، مشرقی ایشیا کے مسلمانوں سے لے کر یورپ اور شمالی امریکا کے نوجوانوں اور امریکا کی یونیورسٹیوں میں فلسطین کے حامی اسٹوڈنٹس تک کو، جو امام مجاہد و شہید کے تین خطوط کے مخاطب قرار پائے تھے، مدنظر رکھے اور عوامی سرگرمیوں پر توجہ اور خصوصی اہتمام کے ساتھ، مخاطبین کے تنوع کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ثقافتی، فنی، سیاسی اور سماجی شعبوں میں جامع اور دقیق پروگرام مرتب کرے اور مقررہ وقت پر ان پر عمل درآمد کرے۔ توقع ہے کہ "کمیٹی" رسمی اور نمائشی کاموں اور بے جا اخراجات سے پرہیز کے سلسلے میں امام مجاہد و شہید کی تاکید کے ساتھ کی گئي سفارشات پر سنجیدگی سے عمل کرے گی۔
امید ہے کہ اس عظیم المرتبت الہی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے کی جانے والی تمام کوششیں ہمارے مولا حضرت صاحب العصر و الزمان عجل اللہ تعالی فرج الشریف کی خوشنودی اور لطف و کرم کا باعث بنیں گی۔
آپ کا مخلص
سید محسن خامنہ ای
امام مجاہد و شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے تحریری و تقریری آثار کی حفاظت و اشاعت کے دفتر کا سربراہ
14 نومبر 2026

