عالمی ٹکراؤ کا ایک اہم محاذ، روایتوں کی جنگ

عالمی ٹکراؤ کا ایک اہم محاذ، روایتوں کی جنگ

تہران میں امریکا کے جاسوسی کے اڈے یا امریکی سفارتخانے پر ایرانی اسٹوڈنٹس کے قبضے کے واقعے کے بارے میں لکھی گئي کتاب Roosevelt Street Station کے مصنف جناب محمد محبوبی سے khamenei.irنے گفتگو کی ہے۔ پیش خدمت ہیں اس انٹرویو کے کچھ اہم حصے۔

سوال: جاسوسی کے اڈے پر قبضے کے واقعے کے بارے میں آپ کی روایت، اس واقعے کی ملکی اور غیر ملکی روایتوں سے کس طرح مختلف ہے؟

جواب: ایران اور امریکا کے تعلقات کے بارے میں، خاص طور پر نومبر 1979 میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کے بعد ہونے والی تحقیقات میں مختلف روایتیں سامنے آتی ہیں۔ تاہم اگر ان سب کو عمومیت دی جائے تو دو بنیادی روایتیں پیش کی جا سکتی ہیں: ایک امریکی روایت اور دوسری ایرانی روایت۔ امریکی اور ایرانی روایت سے مراد یہ نہیں کہ ان کے مصنفین، محققین اور راوی امریکی یا ایرانی ہیں یا انھوں نے امریکی یا ایرانی ذرائع اور دستاویزات استعمال کیے ہیں، بلکہ اس سے مراد یہ ہے کہ روایت کا زاویۂ نظر امریکا کی حکومت کی طرف ہے یا ایرانی معاشرے کی طرف۔ امریکی روایت، اس موضوع کو "امریکا کی حکومت کے زاویۂ نظر" اور ایران میں اس کے مفادات کی روشنی میں دیکھتی ہے اور جیسا کہ ہم جانتے ہیں، ایران میں امریکی حکومت کے مفادات، سفارت خانے پر قبضے کے وقت سے لے کر آج تک ختم ہو چکے ہیں یا کم از کم بری طرح کمزور پڑ گئے ہیں۔ اس کے برخلاف ایرانی روایت، جو "ایرانی معاشرے کے زاویۂ نظر" کی عکاسی کرتی ہے، امریکی سفارت خانے پر قبضے کو انقلاب کے بعد ایران کی آزادی کی ضمانت اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کا ذریعہ سمجھتی ہے۔

ایرانی معاشرہ اپنی موجودہ تاریخ کے دوران ہمیشہ یہ دیکھتا آیا تھا کہ ایران کے قومی مفادات کو بیرونی طاقتوں کے مفادات کے مقابلے میں کم ترجیح دی جاتی ہے۔ دوسری جنگ عظیم سے پہلے ایران میں ہمیشہ برطانیہ اور روس کے مفادات کو ایران کے قومی مفادات پر ترجیح حاصل رہی، جس کے نتیجے میں تیل، سڑکوں کی تعمیر، ٹیلی گراف لائنوں، ماہی گیری اور دیگر شعبوں میں بے جا مراعات اور اجارہ داریاں دی گئیں۔ بیرونی طاقتوں کے مفادات کو ایران کے قومی مفادات پر ترجیح دینے کا سب سے اہم نتیجہ دونوں عالمی جنگوں میں ملک پر قبضہ تھا۔ ایران نے اگرچہ دونوں جنگوں میں غیر جانب داری کا اعلان کیا لیکن روس اور برطانیہ نے جنگ میں اپنے مفادات کی حفاظت کے لیے ایران پر قبضہ کرلیا۔ دوسری جنگ عظیم کے بعد یورپی طاقتوں کے کمزور ہونے کے ساتھ ہی امریکیوں نے بتدریج ایران میں زیادہ اثر و رسوخ حاصل کرلیا اور ماضی کی طرح ایران میں امریکا کے مفادات کو ایرانی عوام کے قومی مفادات پر ترجیح دی جانے لگی۔ اس کی سب سے اہم مثال 1953 کی وہ بغاوت تھی جو ڈاکٹر مصدق کی قیادت میں چلنے والی قومی تحریک کے خلاف کی گئی۔ 1950 کی دہائی میں تیل کی صنعت کو قومیانے کا اقدام ایران کے قومی مفادات کے تحفظ کا سب سے بڑا مظہر تھا لیکن امریکا اور برطانیہ کے مفادات کا تقاضا تھا کہ وہ ایرانیوں کو ایسا کرنے کی اجازت نہ دیں۔ یہ وہ موضوع ہے جسے بہت سی تحریروں میں نظرانداز کردیا جاتا ہے لیکن اگر ہم بڑی طاقتوں کی جانب سے ایران کے قومی مفادات کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں ایرانیوں کی اجتماعی یادداشت کو مدنظر رکھیں تو امریکی سفارت خانے پر قبضے کی ایک مختلف روایت سامنے آئے گی۔

سوال: ایرانیوں نے امریکی سفارت خانے کو "جاسوسی کا اڈہ" کیوں کہا؟

جواب: اسی اجتماعی یادداشت کے نتیجے میں "جاسوسی کا اڈہ" کی اصطلاح ایرانی عوام کے عام استعمال میں آئی تھی جو 1953 میں امریکا کی جانب سے ایران کی قومی تحریک کے خلاف کی گئی بغاوت کے بعد وجود میں آئی تھی۔ اس وقت ایرانی معاشرہ امریکی سفارت خانے کو مصدق کی قانونی حکومت کے خلاف بغاوت کا مرکز سمجھتا تھا اور اس کا خیال تھا کہ وہاں سے اسلامی انقلاب اور اس کے نتیجے میں قائم ہونے والے سیاسی نظام کے خلاف بھی اسی نوعیت کی بغاوت کی تیاری کی جارہی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ "جاسوسی کا اڈہ" کی اصطلاح امریکی سفارت خانے پر قبضے سے پہلے ہی رائج ہوچکی تھی۔ ان دنوں جب شاہ امریکا پہنچا تھا اور لوگ امریکی سفارت خانے کے سامنے مظاہرے کررہے تھے تو عوام کے نعروں میں سے ایک نعرہ یہ تھا: "امریکی سفارت خانہ، جاسوسوں کا یہ اڈہ، بند ہونا چاہیے۔" یہ نعرہ اور اس جیسے دیگر نعرے ایرانی معاشرے کے اسی تصور اور اجتماعی یادداشت کی عکاسی کرتے تھے، جسے سفارت خانے کی دستاویزات سامنے آنے کے بعد مزید تقویت ملی۔

سوال: انقلاب کے بعد دشمنی کا آغاز ہم نے کیا تھا یا امریکیوں نے؟ کیا امریکیوں کے ساتھ ہمارا مسئلہ سفارت خانے پر قبضے سے شروع ہوا؟

جواب: ایرانی اور امریکی روایتوں میں جو فرق نظر آتا ہے، ان میں سے ایک یہی ہے جس کی طرف آپ نے اشارہ کیا ہے۔ یعنی ایران اور امریکا کے درمیان دشمنی کا آغاز کس نے کیا اور دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات میں مسائل کس نے پیدا کیے؟ جیسا کہ میں پہلے عرض کرچکا ہوں، امریکی نقطۂ نظر سے لکھی گئی تحریر وں میں غالب روایت یہ ہے کہ ایران نے تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضہ کرکے اور امریکی سفارت کاروں کو 444 دن تک یرغمال بناکر امریکیوں کو اشتعال دلایا۔ اس واقعے کے دوران دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات منقطع ہوگئے اور ایران اور امریکا کے مسائل کبھی حل نہ ہوسکے اور آج تک جاری ہیں۔

تاہم ایرانی فریق امریکی سفارت خانے پر قبضے کو ایک ردعمل اور پیشگی اقدام سمجھتا ہے، جس کا مقصد ایران کے داخلی امور میں امریکا کی مداخلتوں اور ایرانی انقلاب کے خلاف اس کی کارروائیوں کو روکنا تھا۔ ایرانیوں کو خدشہ تھا کہ تیل کی صنعت کو قومیانے کے بعد 1953 کی بغاوت دوبارہ دوہرائی جائے گی اور اتفاق سے بعد میں امریکی سفارت خانے سے ملنے والی دستاویزات نے بھی اس خدشے کی تصدیق کی۔ البتہ امریکی مداخلتوں کا ایک حصہ کوئی پوشیدہ بات نہیں تھا۔ مثال کے طور پر، امریکی سینیٹ کی ایران مخالف قرارداد، جو سینیٹر جیکب جاویٹس (Jacob Javits) کی کوششوں سے مئی 1979 میں منظور ہوئی، ایرانیوں کی نظر میں ان کے داخلی امور میں مداخلت تھی۔ یہاں تک کہ عبوری حکومت کی وزارت خارجہ نے بھی اس قرارداد پر اعتراض کیا تھا۔ اسی طرح شاہ کو پناہ دینا اور اسے امریکی سرزمین میں داخل ہونے کی اجازت دینا، اسلامی جمہوریۂ ایران کے ساتھ دشمنی کے سوا کسی اور معنی میں سمجھا نہیں جاسکتا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکا نے ایران کے اس شاہ کو پناہ دی جو ملک سے فرار ہوچکا تھا اور جسے ایرانی عوام واپس لاکر اس کے خلاف مقدمہ چلانا چاہتے تھے لیکن اس کے برخلاف وینیزوئیلا کے قانونی صدر نکولس مادورو کو ان کے صدر رہتے ہوئے اغوا کرلیتا ہے! ایران کے ساحلوں کے قریب امریکی جنگی جہازوں کی موجودگی بھی خطرے کے اس احساس میں اضافہ کر رہی تھی۔

یہ وہ واضح چیزیں تھیں جن کا ایرانیوں نے سفارت خانے پر قبضے سے پہلے مشاہدہ کیا تھا اور جن کی وجہ سے وہ امریکیوں سے خطرہ محسوس کرتے تھے۔ تاہم کچھ خفیہ کارروائیاں بھی جاری تھیں جن کے بارے میں ایرانیوں کو علم نہیں تھا اور انھیں امریکی سفارت خانے کی دستاویزات، بالخصوص سی آئی اے کی دستاویزات سامنے آنے کے بعد ان کا پتہ چلا۔ بعد میں یہ دستاویزات اس بات کا ثبوت بنیں کہ امریکی سفارت خانے پر قبضے نے ایران میں سی آئی اے کے افسران کی سازشوں کو عملی جامہ پہننے سے روک دیا تھا۔ مثال کے طور پر ایران میں سی آئی اے کی ان خفیہ کارروائیوں میں سے ایک "اعتدال پسند" گروہوں پر مشتمل اتحاد تشکیل دینا تھا۔ سی آئی اے ان گروہوں کو، جو ایران میں امریکی مفادات کے تحفظ سے اتفاق کرتے تھے، آیت اللہ شریعتمداری کے گرد اکٹھا کرنے کی کوشش کررہی تھی تاکہ آیت اللہ خمینی اور ان کے پیروکار گروہوں یعنی ان کی نظر میں "انتہا پسندوں" کو پیچھے دھکیل کر اقتدار اپنے ہاتھ میں لے سکے۔ سی آئی اے کے کردار اور سرمایہ کاری کے بغیر یہ سیاسی اتحاد کبھی وجود میں نہیں آسکتا تھا۔ ان مداخلتوں کی ایک اور مثال عبوری حکومت کے فیصلوں پر اثرانداز ہونا تھا، جو عبوری حکومت میں سی آئی اے کے ایک کارندے عباس امیرانتظام کے ذریعے ہوتا تھا۔ اس ذریعے سے مختلف سازشوں پر عمل درآمد کی کوشش کی گئی، جن میں سب سے اہم شمال مشرقی ایران میں سوویت یونین کے خلاف ٹیکسمین (TACKSMAN) الیکٹرانک نگرانی کے اڈوں کو دوبارہ کھولنا تھا۔ ایک اور مثال فوج کے اندر بڑی تعداد میں سی آئی اے کے ایجنٹوں کی بھرتی تھی، جس کا آغاز فروری 1979 میں ہوا اور نومبر 1979 میں سفارت خانے پر قبضے تک جاری تھا۔ یہ فوجی اہلکار لازمی طور پر ایسے افراد نہیں تھے جنھیں حساس معلومات تک رسائی حاصل ہی ہو، بلکہ ان میں آپریشنل اہلکار بھی شامل تھے، مثلاً کوبرا ہیلی کاپٹر بٹالین کا کمانڈر اور حتیٰ کہ ایف-14 لڑاکا طیارے کا پائلٹ بھی۔ ایک اہم دستاویز میں تہران میں سی آئی اے کے سربراہ ٹام اہرن (Tom Ahern) نے سی آئی اے کے سربراہ اسٹینزفیلڈ ٹرنر (Stansfield Turner) کو خط لکھ کر بتایا کہ فی الحال فوج اپنا ڈسپلن بحال نہیں کر پائی ہے اور جب تک فوج دوبارہ منظم نہیں ہوجاتی، ہم کچھ نہیں کرسکتے۔ یہ اور اس جیسی دیگر مثالیں بتاتی ہیں کہ اگر ہم 1953 کی بغاوت کو بھی ایک طرف رکھ دیں تب بھی امریکیوں نے سفارت خانے پر قبضے سے پہلے ہی اپنی دشمنانہ کارروائیاں شروع کردی تھیں اور نومبر 1979 کا واقعہ ان اقدامات اور مداخلتوں پر ایک ردعمل تھا۔

سوال: سمجھوتوں اور مذاکرات میں اتنا وقت کیوں لگا؟ کیا ہم واقعی یرغمالوں کی رہائی کا معاہدہ نہ ہونے کے ذمہ دار تھے، جیسا کہ آج کل ہم پر مذاکرات کو ناکام کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے؟

جواب: یرغمالوں کی رہائی کے مذاکرات طویل ہونے کی مختلف وجوہات تھیں، جن کی میں نے کتاب میں تفصیل سے وضاحت کی ہے لیکن اگر مختصر طور پر بیان کروں تو اس عمل کے طویل ہونے کی ایک بڑی وجہ انقلاب کے بعد ملک کے سرکاری اداروں کا تشکیل نہ پانا تھا۔ یہاں خاص طور پر میری مراد پارلیمنٹ کی تشکیل ہے، جس پر امام خمینی کی ہدایت کے مطابق پہلے مرحلے میں یرغمالوں کی رہائی کے لیے ہدایات اور شرائط منظور کرنے کی ذمہ داری تھی۔ اس دوران پارلیمنٹ کی تشکیل اور اس کے کام کا آغاز کرنے کے عمل میں کچھ وقت لگ گیا۔ مذاکرات طویل ہونے اور ایسے ناقص معاہدوں پر منتج ہونے کی ایک اور وجہ، جن پر عمل درآمد ممکن نہیں تھا، بعض شخصیات کی جانب سے مذاکرات کو جماعتی مفادات کے لیے استعمال کرنا تھا۔ جیسا کہ میں نے کتاب میں وضاحت کی ہے، بعض سیاسی شخصیات کوشش کررہی تھیں کہ مذاکرات میں کسی نہ کسی طرح اپنا کردار ادا کرکے اپنے ذاتی اور جماعتی مفادات حاصل کریں۔ دوسرے لفظوں میں 1980 میں ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات، ایران کے سیاسی ماحول میں ذاتی اور جماعتی مفادات کے حصول کا ایک ذریعہ بن گئے تھے اور بعض سیاست داں اس معاملے کے حل کو ایرانی سیاسی منظرنامے میں اپنی طاقت بڑھانے کے مترادف سمجھتے تھے۔ ہیملٹن جارڈن کے ساتھ صادق قطب زادہ کی خفیہ بات چیت اس کی ایک مثال ہے۔ البتہ امریکا میں بھی یہی صورت حال ہے۔ بہت سے امریکی سیاست دانوں کے نزدیک ایران کے مسئلے کا حل، انتخابی محاذ آرائی میں برتری حاصل کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے اور دوسری طرف ایران کے معاملے میں حریف جماعت کی ناکامی کو اس کے خلاف استعمال کر کے اسے شکست دی جاسکتی ہے۔

سوال: کیا مغرب اور امریکا کے علمی حلقوں میں آپ کی روایت کو جگہ ملی ہے یا وہ بدستور یک طرفہ روایتوں پر بضد ہیں؟ کیا کسی مؤقر ناشر یا عالمی ذرائع ابلاغ نے آپ کی روایت پر توجہ دی ہے؟ اگر نہیں تو کیوں؟

جواب: بدقسمتی سے امریکی سفارت خانے پر قبضے کے واقعے کے بارے میں ایرانی روایت مغربی علمی حلقوں میں زیادہ پذیرائی حاصل نہیں کرسکی۔ اس مسئلے کی مختلف وجوہات ہیں، جن میں سے کچھ کا تعلق مغربی ممالک سے ہے اور کچھ کا ایرانیوں سے۔ مغربی ممالک سے متعلق وجہ مغربی طاقت اور ذرائع ابلاغ کا اثر و رسوخ ہے جو ہمارے علم پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ اس موضوع کی ایڈورڈ سعید کی کتاب "Covering Islam" میں اچھی طرح وضاحت کی گئی ہے کہ مغربی ذرائع ابلاغ اور یونیورسٹیوں نے امریکی سفارت خانے پر قبضے کے واقعے کی کس طرح عکاسی کی اور ایران اور امریکا کے تعلقات کے بارے میں کس طرح ہماری ذہنیت تشکیل دی۔

تاہم، یہ پوری کہانی نہیں ہے۔ اس کی ایک اور وجہ، جو میرے خیال میں کسی بھی طرح کم اہم نہیں، خود ایرانیوں سے متعلق ہے۔ امریکیوں کی ایک مفید عادت یہ ہے کہ وہ روزنامچے اور یادداشتیں تحریر کرتے ہیں اور اسی روایت نے ان کی اپنی روایت کو مستحکم کرنے میں بہت مدد دی ہے۔ سفارت خانے پر قبضے کے اسی واقعے میں امریکی حکومت کے تقریباً تمام اہم کرداروں نے، جن میں جمی کارٹر، سائرس وینس، اسٹینزفیلڈ ٹرنر، ہیرالڈ براؤن، ہیملٹن جارڈن اور دیگر افراد، اپنے روزنامچے یا کم از کم اپنی یادداشتیں شائع کی ہیں، جو تحقیق کے لیے بنیادی منبع ہیں۔ اسی طرح بہت سے یرغمالوں نے بھی اپنی یادداشتوں پر مبنی کتابیں لکھی اور شائع کی ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ اور وزارت دفاع کی سرکاری دستاویزات بھی کم و بیش محققین کی دسترس میں ہیں لیکن اس کے برخلاف ہمارے پاس ایرانی کرداروں کے روزنامچے اور یادداشتیں زیادہ تعداد میں موجود نہیں ہیں، جس کی وجہ سے ایرانیوں کی روایت کا حصول بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ یہی محدود ذرائع بھی زیادہ تر فارسی زبان میں ہیں اور مغربی محققین کے لیے، جو فارسی نہیں جانتے، قابل استفادہ نہیں ہیں۔ البتہ چند ایک کتابیں انگریزی میں بھی شائع ہوئی ہیں۔ مثال کے طور پر، امام خمینی کے پیرو مسلمان طلبہ میں سے ایک معصومہ ابتکار کی یادداشتوں پر مبنی کتاب انگریزی میں "Takeover in Tehran: The Inside Story of the 1979 U.S. Embassy Capture" کے عنوان سے شائع ہوئی ہے لیکن بین الاقوامی محققین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے ایسی چند کتابیں انتہائی ناکافی ہیں۔

سوال: رہبر شہید نے آپ کی کتاب پر خصوصی توجہ کیوں دی؟

جواب: میرے خیال میں اس سوال کا واضح ترین جواب ہمیں ان کی تقریظ کے متن میں تلاش کرنا چاہیے۔ وہ تحقیق کے میدان کو ذرائع ابلاغ کی جنگ اور بیانیوں کی جنگ کے اہم میدانوں میں سے ایک سمجھتے تھے اور ان کا خیال تھا کہ اس شعبے میں بھرپور کام کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ وہی بات ہے جس کی طرف میں نے اس سے پہلے ایڈورڈ سعید کی کتاب "Covering Islam" کے حوالے سے اشارہ کیا تھا۔ سعید کا ماننا ہے کہ بڑی طاقتیں معاشروں میں علم اور معرفت پیدا کرنے کے لیے علمی تحقیقات اور ذرائع ابلاغ کے پروپیگنڈے سے کام لیتی ہیں۔ رہبر شہید آیت اللہ خامنہ ای کا بھی خیال تھا کہ "بیانیوں کی جنگ"، "عالمی کارزاروں" کا ایک اہم محاذ ہے، جس کے ذریعے حقائق کو تحریف کر کے پیش کیا جاتا ہے۔ اس کے باوجود ہمارے یہاں ذرائع ابلاغ کے میدان میں بہت سے نمایاں خلا ہیں، جنھیں پُر کرنا ضروری ہے۔ میری رائے میں رہبر شہید کی خصوصی توجہ سے پتہ چلتا ہے کہ ہمیں انسانی علوم کے مختلف شعبوں میں اور زیادہ گہری تحقیقات کی شدید ضرورت ہے اور یہ تحقیقات، طاقت پیدا کرسکتی ہیں۔

4 نومبر 2026