امامِ مجاہد شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی شہادت کی یاد میں قائم مرکزی کمیٹی کی پریس رلیز نمبر 3
امامِ مجاہد شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی شہادت کی یاد میں قائم مرکزی کمیٹی نے ان کے پیکر مطہر کی تشییع سے متعلق پریس رلیز کی ہے۔
بسم الله الرّحمن الرّحیم
مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاهَدُوا اللَّهَ عَلَیْهِ فَمِنْهُم مَّن قَضَى نَحْبَهُ وَمِنْهُم مَّن یَنتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِیلًا۔
(اور اہلِ ایمان میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جنھوں نے وہ عہد و پیمان سچا کر دکھایا جو اللہ سے کیا تھا۔ سو ان میں سے کچھ وہ ہیں جو اپنا وقت پورا کر چکے ہیں اور کچھ اس (وقت) کا انتظار کر رہے ہیں اور انہوں نے (اپنی روش میں) ذرا بھی تبدیلی نہیں کی۔ (سورہ احزاب آیت 23)
عالمِ تشیع کے عظیم مرجع، انقلابِ اسلامی کے دانا رہبر اور حق و استقامت کے علمبردار، امامِ مجاہد شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای کی خونیں شہادت کے بعد پورا عالمِ اسلام ایک ایسے عظیم رہنما کے فراق میں سوگوار ہے جس نے اپنی بابرکت زندگی کلمہ حق کی سربلندی، اسلام کے دفاع، عوام کی خدمت اور امتِ مسلمہ کی رہنمائی کے لیے وقف کر دی تھی۔ اس شہید قائد نے اپنے پختہ ایمان، مخلصانہ جدوجہد، استقامت اور الٰہی بصیرت کے ذریعے ہمیشہ عزیز ایران کی آزادی و خودمختاری اور امتِ مسلمہ کی عزت و ہدایت کا پرچم بلند رکھا۔ اس عظیم شخصیت کا نام اور یاد ایران، عالمِ اسلام اور دنیا بھر کے آزاد انسانوں کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گی۔
امامِ مجاہد شہید آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی شہادت کے بعد کے جملہ پروگراموں کی منتظمہ مرکزی کمیٹی، حضرت ولیِ عصر، رہبرِ معظم انقلاب آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای (دام ظلہ العالی)، اور حق کے راستے سے وابستہ تمام آزاد اقوام کی خدمت میں تعزیت پیش کرتے ہوئے، اسلامی ایران کے وفادار اور پرجوش عوام نیز اسلام و انقلاب کے تمام محبان کی عظیم الشان شرکت پر دلی تشکر اور قدردانی کا اظہار کرتی ہے۔
اس کمیٹی کے سابقہ اعلانات اور طے شدہ انتظامات کے مطابق، معزز عوام اور سوگواران کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اس شہید امامِ مجاہد اور ان کے شہید اہلِ خانہ ڈاکٹر مصباح الہدیٰ باقری کنی، سیدہ بشریٰ حسینی خامنہ ای، زہرا حداد عادل اور زہرا محمدی گلپایگانی (رضوان اللہ علیہم اجمعین) کے پیکرِہائے مطہر کے وداع، تشییع اور تدفین درج ذیل پروگرام کے مطابق ہوگی:
ہفتہ 13 اور اتوار 14 تیر 1405 ہجری شمسی (مطابق 19 اور 20 محرم الحرام):
تہران میں مصلائے امام خمینی میں پیکرِ مطہر سے الوداع
پیر 15 تیر 1405 (مطابق 21 محرم الحرام): تہران میں تشییع جنازہ۔
منگل 16 تیر 1405 (مطابق 22 محرم الحرام):
مقدس شہر قم میں تشییع جنازہ۔
جمعرات 18 تیر 1405 (مطابق 24 محرم الحرام اور شبِ شہادت امام سجادؑ):
مشہد مقدس میں تشییع جنازہ اور روضۂ مبارک امام رضا علیہ السلام میں تدفین۔
تمام معزز عوام، دنیا بھر کے آزاد انسانوں، مکتبِ اسلام کے دلدادہ افراد اور ایران سے محبت رکھنے والوں کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ ان عظیم الشان پروگراموں میں شرکت کر کے اس شہید رہبر کو خراجِ عقیدت پیش کریں اور ان کی آخری رخصتی میں شریک ہوں۔
آخر میں، اس عظیم پروگرام کے انعقاد کے لیے ذمہ دار اداروں اور عوامی تنظیموں کی وسیع منصوبہ بندی اور انتظامات پر شکریہ ادا کرتے ہوئے یہ بات تاکید کے ساتھ کہی جاتی ہے کہ ان پروگراموں کے اصل میزبان اور منتظم ایران کے عوام ہوں گے، جو اس غم کے حقیقی وارث ہیں، اور ان شاء اللہ ایک بے مثال اور شاندار عوامی اجتماع کی مثال قائم کریں گے۔
اس سلسلے میں مزید تفصیلات بعد میں عوام کے سامنے پیش کی جائیں گی۔
ادارہ حفاظت و اشاعت تحریر و تقاریر رہبرِ شہید انقلابِ اسلامی
23 خرداد 1405
13 جون 2026
13 جون 2026

