logo khamenei

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل کے تعزیتی پیغام پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کا جواب

حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل کے تعزیتی پیغام پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کا جواب

بسم اللہ الرحمن الرحیم

میرے عزیز اور مجاہد بھائي حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل جناب شیخ نعیم قاسم (ادام اللہ عمرہ وعزّہ وعافيتہ)

سلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ

اسلامی انقلاب کے عظیم الشان رہبر کی شہادت کی مناسبت سے آپ کا تعزیتی پیغام اور حزب اللہ لبنان کے مجاہد بھائيوں کی طرف سے مہر و محبت کا اظہار موصول ہوا۔

بلاشبہہ عالم اسلام کے سب سے کٹر دشمنوں یعنی امریکا اور خطے میں اس کی پراکسی فورس، سفاک صیہونی حکومت کے خلاف مزاحمت، استقامت اور صبر، شہید قائد کی سب سے نمایاں خصوصیات میں سے ایک تھا۔ یہ مزاحمت و استقامت اس عظیم رہبر کی قیادت کے دوران جاری رہی اور الحاج قاسم سلیمانی اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور فوج کے دیگر سینئر کمانڈروں جیسے گرانقدر شہداء کی شہادت، اس راہ کے صحیح ہونے کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ اسلامی مزاحمت کی تاریخ، مجاہدت، شجاعت اور جذبہ شہادت سے بھری ہوئي ہے، مزاحمت کے کمانڈروں نے کسی بھی دھمکی سے ڈرے بغیر اس راہ میں دوسروں سے پہلے اپنی جان فدا کی۔ شہید شیخ راغب حرب اور سید عباس موسوی سے لے کر شہید عزیز، سید الشہدائے مزاحمت سید حسن نصر اللہ اور سید ہاشم صفی الدین تک، سبھی اس راہ و روش کے نمونے تھے۔

آپ، جو خود بھی لبنان میں اس مبارک مزاحمت کی پہلی صف میں رہے ہیں، آج اس حساس اور تاریخی لمحے میں، اس تحریک کی قیادت کر رہے ہیں۔ جہاں تک آپ کی سوجھ بوجھ، ہوشیاری اور شجاعت کا مجھے علم ہے، مجھے امید ہے کہ آپ صیہونی دشمن کی سازشوں کو نقش بر آب کر دیں گے، انھیں شکست دیں گے اور ایک بار پھر لبنان کی عزیز قوم کو امن و افتخار سے ہمکنار کریں گے۔

میں ایک بار پھر کھل کر اعلان کرتا ہوں کہ امام خمینی اور شہید رہبر کی راہ کو جاری رکھتے ہوئے اسلامی جمہوریۂ ایران کا اٹل موقف صیہونی و امریکی دشمن کے خلاف مزاحمت کی حمایت جاری رکھنے پر استوار ہے۔

ایک بار پھر آپ کی جانب سے ہمدردی ظاہر کیے جانے کا شکر گزار ہوں اور آپ اور تمام عزیز مجاہد بھائيوں کے لیے توفیق و سربلندی کی دعا کرتا ہوں۔

والسلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای

30 مارچ 2026 مطابق 10 شوال 1447 ہجری قمری

1 اپریل 2026