امام خامنہ ای (رحمت اللہ علیہ) کی شہادت پر شیخ ابراہیم زکزکی کا تعزیتی پیغام
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے رہنما شیخ ابراہیم زکزکی نے رہبر انقلاب اسلامی آيت اللہ خامنہ ای کی شہادت پر ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ ان کا تعزیتی پیغام حسب ذیل ہے:
بِسْمِ اللَّہِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ
الّلہُمَّ صَلِّ عَلَی مُحَمَّدٍ وَ آلِ مُحَمَّدٍ و عَجّل فَرَجَہم
اِنَّا لِلَّہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُونَ
مِنَ الْمُؤْمِنِینَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاھَدُوا اللَّہَ عَلَیْہِ فَمِنْھُم مَّن قَضَیٰ نَحْبَہُ وَمِنْھُم مَّن یَنتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِیلًا
وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِینَ قُتِلُوا فِی سَبِیلِ اللَّہِ اَمْوَاتًا بَلْ اَحْیَاءٌ عِندَ رَبِّھِمْ یُرْزَقُونَ
ٹوٹے دلوں اور غمزدہ جانوں کے ساتھ ہم امام عصر و زمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، شہید رہبر امت اسلامی آيت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای (قدس سرہ) کے محترم اہل خانہ، ان کے تمام محترم خانوادے، مراجع کرام، ملت اسلامی جمہوریہ ایران، دیگر مسلم اقوام اور دنیا کے تمام مستضعفین کی خدمت میں دلی تعزیت اور ہمدردی پیش کرتے ہیں۔ وہ صیہونی دشمن نیتن یاہو کے حملے میں، جس کے ساتھ ٹرمپ کی قیادت میں امریکی سامراج تعاون کر رہا تھا، تہران میں اپنے گھر میں نشانہ بنے اور شہادت کے درجے پر فائز ہوئے۔
یہ بزدلانہ اور مجرمانہ کارروائی جو بے گناہ افراد کے خلاف انجام پائی، پوری انسانیت پر حملہ ہے اور دہشت گردی، ظلم اور استبداد کے خلاف اقوام کا عزم و ارادہ کبھی ختم نہیں ہوگا۔ ہم خداوند عالم سے دعا کرتے ہیں کہ وہ اس عظیم الشان شہید اور رہبر معظم کو قبول کرے اور انھیں اپنی بہشت کا سب سے اعلی مقام عطا کرے اور انھیں ان لوگوں کے ساتھ، جو امام حسین علیہ السلام کے جوار میں شہید ہوئے، محشور کرے اور ان کے پسماندگان اور ساتھیوں کو صبر جمیل اور حقیقی سکون عطا کرے۔
یَا اَیَّتُھَا النَّفْسُ الْمُطْمَئِنَّۃُ ارْجِعِی اِلَی رَبِّکِ رَاضِیَۃً مَّرْضِیَّۃً فَادْخُلِی فِی عِبَادِی وَادْخُلِی جَنَّتِی
ہم خداوند عالم سے شہید کے لیے ہمہ گير رحمت، مغفرت اور سب سے عظیم اجر اور زخمیوں کے لیے جلد از جلد شفا کی دعا کرتے ہیں۔ ہم خداوند عالم سے دست بدعا ہیں کہ ملک و ملت ایران کو ہر شر اور نفرت انگيز چیز سے محفوظ رکھے اور ظاہر اور باطن فتنے کو نیست و نابود کر دے۔
دل کی گہرائيوں سے ہماری تعزیت اور آپ کے صبر و اجر کے لیے ہماری دعائيں آپ کے ساتھ ہیں۔
والسلام علیکم و رحمت اللہ و برکاتہ
شیخ ابراہیم زکزکی
13 رمضان 1447
3 مارچ 2026

