رہبر انقلاب کے دفتر کے بین الاقوامی امور کے سربراہ: عراقی عوام نے شہید خامنہ ای کی تشییع میں ایک تاریخی کارنامہ رقم کیا
رہبر انقلاب اسلامی کے دفتر کے بین الاقوامی امور کے سربراہ نے زور دے کر کہا ہے کہ عراقی عوام نے شہید خامنہ ای کی تشییع جنازہ میں ایک تاریخی کارنامہ رقم کیا ہے۔
مجلس خبرگان رہبری یا ماہرین اسمبلی کی پریزائیڈنگ کمیٹی کے رکن اور رہبر انقلاب کے دفتر کے بین الاقوامی امور کے سربراہ حجۃ الاسلام والمسلمین محسن قمی نے بغداد میں شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے چہلم کی مناسبت سے منعقد ہونے والے ایک پروگرام میں کہا کہ ہم نجف اشرف کے مراجع تقلید بالخصوص آیت اللہ سید علی سیستانی اور عراقی عوام کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں اور ان کی قدردانی کرتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عراقی عوام نے جلوس جنازہ کے پروگرام میں اپنی بھرپور شرکت کے ذریعے اسلامی اور عوامی یکجہتی کا ایک تاریخی کارنامہ رقم کیا۔ انھوں نے کہا کہ عراقی قوم سے اسلامی جمہوریۂ ایران کے رہبر معظم کی محبت ایک ناقابل انکار حقیقت ہے۔ حجۃ الاسلام والمسلمین محسن قمی نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تمدنی رشتوں اور عقیدتی اتحاد کے پیش نظر عراق سے ایران کے تعلقات، کسی بھی دوسرے ملک کے ساتھ ایران کے تعلقات سے الگ ہیں۔
25 اگست 2026

