رہبر شہید کے مقام شہادت کے قریب تیسری شب کی مجلس
شب تاسوعا (شب نو محرم) کی مجلس عزا حسینیۂ امام خمینی اور رہبر شہید آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے مقام شہادت کے قریب منعقد ہوئی، جس میں عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
یہ مجالس اس سال رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کی جانب سے منعقد کی جا رہی ہیں۔ آج کی مجلس سے حجۃ الاسلام والمسلمین ناصر رفیعی نے خطاب کیا۔ انھوں نے حضرت عباس علیہ السلام کی زیارت کا حوالہ دیتے ہوئے قمر بنی ہاشم حضرت عباس علیہ السلام کو عبد صالح اور امام کا مطیع و فرمانبردار بتایا اور کہا کہ نیک عمل انسان کو محبوب اور نورانی بنا دیتا ہے جیسا کہ ہم نے دیکھا کہ خداوند عالم نے رہبر شہید جیسی ممتاز شخصیت کو، جو عبد صالح تھے، لوگوں کے دلوں میں اس قدر محبوب بنا دیا کہ قوم بدستور ان کی یاد اور محبت میں میدان کے محاذ پر موجود ہے اور بدخواہوں کو ناامید کر چکی ہے۔
مجلس کے آخر میں جناب میثم مطیعی نے حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام اور شہدائے کربلا کے مصائب بیان کیے اور رہبر شہید اور دوسرے اور تیسرے مقدس دفاع کے شہداء کی یاد میں نوحہ خوانی کی۔
23 جون 2026

