logo khamenei

رہبر شہید کے چہلم کی مناسبت سے حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کا پیغام

رہبر شہید کے چہلم کی مناسبت سے حزب اللہ لبنان کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کا پیغام

بسم اللہ الرحمن الرحیم

رہبر شہید امام خامنہ ای قدس سرہ کی شہادت کے چہلم پر ہم سوگ اور سربلندی کے درمیان کھڑے ہیں۔ اگرچہ ان کی شہادت کا داغ ہمارے لیے بہت بڑا ہے اور یہ نقصان ہمارے لیے جانسوز ہے لیکن ہمارے رہبر نے میدان جہاد کے وسط میں جو مرتبہ حاصل کیا ہے، یعنی امام حسین علیہ السلام کی راہ کو جاری رکھتے ہوئے عزت مندانہ شہادت، وہ کہیں برتر اور عظیم ہے۔

ہمارے سید و سردار نے اسلامی جمہوریہ کے بانی اور دین کو دوبارہ زندہ کرنے والے امام خمینی قدس سرہ کی راہ پر چلتے ہوئے خالص محمدی اسلام کی بنیادوں کو مستحکم کیا اور امت کو استقامت، جہاد اور صبر کے اصولوں سے لیس کیا۔ انھوں نے فلسطین و بیت المقدس کی مدد اور مقبوضہ علاقوں کی آزادی میں ہماری رہنمائی کی اور اللہ تعالی کے نصرت کے وعدے "يَا اَيُّھَا الَّذِينَ آمَنُوا اِنْ تَنْصُرُوا اللَّہَ يَنْصُرْكُمْ وَيُثَبِّتْ اَقْدَامَكُمْ" کی بنیاد پر، ہم میں امید اور حتمی فتح کے یقین کی روح پھونک دی۔

امام شہید، امام خامنہ ای قدس سرہ نے پوری امت اور اسلامی جمہوریۂ ایران کی، نیکی، استقامت اور عزت و آزادی والی زندگي کی طرف آگے بڑھنے والے تجربے کی جانب ہدایت کی۔ وہ وقت کے ساتھ چلنے، سائنسی پیشرفت اور خود انحصاری پر زور دیتے تھے اور شرق و غرب پر انحصار کی نفی کرتے ہوئے خودمختاری کے حق اور اس حقیقی راہ پر بھروسہ کرنے پر تاکید کرتے تھے جو ہمیں اسلام، سیرت نبوی اور ائمہ طاہرین کی سیرت کی آسمانی رسالت سے متصل کرتی ہے۔

امریکی و اسرائيلی دشمن، رہبر شہید کو قتل کر کے اس حقیقی راہ کو ختم کرنے اور ایرانی قوم نیز امام خامنہ ای اور ان کی راہ سے دلبستہ اقوام کے عزم میں تزلزل پیدا کرنے کے درپے تھے لیکن ایران کے عظیم عوام اور سپاہ پاسداران اور پولیس اور عسکری قوتیں میدان میں ثابت قدم رہیں اور داخلی وحدت کے ساتھ عوام کی ہمہ گير موجودگی کے ساتھ عسکری، سیاسی اور ثقافتی میدانوں میں مقابلے کے لئے اٹھ کھڑی ہوئیں۔ اللہ کے فضل و کرم سے انھوں نے ولی امر مسلمین حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای دام ظلہ کو اس سلف صالح کے مبارک جانشین کے طور پر منتخب کیا۔ اسلامی جمہوریہ، ان کی رہنمائی میں زخموں کو مندمل کرنے، میدان کو مضبوطی سے قائم رکھنے اور امریکی و صیہونی دشمن کو اس کے اہداف میں ناکام کرنے میں کامیاب رہی یہاں تک کہ دشمن خود ہی ذلت کے ساتھ ایران کی برحق شرطوں کے سامنے جھک کر مذاکرات کی میز پر آ گیا۔

حزب اللہ لبنان اور خطے اور دنیا میں تمام تنومند اور مضبوط فورسز، اس ولایت پر یقین رکھتی ہیں کہ جو پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم سے شروع ہوئی ہے اور ائمہ علیہم السلام اور تاریخ کے بزرگ علمائے دین سے ہوتے ہوئے پرچم حق کو صاحب العصر و الزمان عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے ہاتھوں میں سونپے گی۔ حزب اللہ اور اس کی اسلامی مزاحمت نے امت کے سید الشہداء سید حسن نصر اللہ رضوان اللہ علیہ اور دیگر عالی مرتبت شہداء کو، کلمۂ حق کی بلندی، ملک کی آزادی اور انسانی وقار کے لیے پیش کیا ہے اور جتنی بھی جاں فشانی کی ضرورت ہو، ہم اس راہ پر باقی رہیں گے۔ غاصب اسرائيل کبھی بھی اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکے گا اور ہمارے ملک کے جنوبی حصے پر قبضہ نہیں کر سکے گا، مزاحمت کے جوان شہادت کے جذبے کے ساتھ ہماری عزیز، پاکیزہ اور فداکار قوم کے ساتھ، دشمن کی سازشوں کو مٹی میں ملا دیں گے کیونکہ خداوند عالم فرماتا ہے: "وَجَعَلَ كَلِمَۃَ الَّذِينَ كَفَرُوا السُّفْلَى وَكَلِمَۃُ اللَّہِ ھِيَ الْعُلْيَا."

نعیم قاسم

20 شوال 1447 مطابق 9 اپریل 2026

11 اپریل 2026