بریگیڈیر جنرل مجید خادمی کی شہادت پر رہبر انقلاب کا تعزیتی پیغام
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انٹیلی جنس پروٹیکشن ادارے کے سربراہ بریگیڈیر جنرل مجید خادمی کی شہادت پر ایک تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ پیغام حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
مِنَ الْمُؤْمِنِينَ رِجَالٌ صَدَقُوا مَا عَاھَدُوا اللَّہَ عَلَيْہِ فَمِنْھُمْ مَنْ قَضَى نَحْبَہُ وَمِنْھُمْ مَنْ يَنْتَظِرُ وَمَا بَدَّلُوا تَبْدِيلًا
ایک بار پھر امریکی و صیہونی دشمن نے، جسے ایرانی قوم اور اسلامی مملکت ایران کے غیور مجاہدوں کے خلاف مسلط کردہ جنگ اور اپنی منحوس سازشوں میں لگاتار شکستوں کا سامنا ہے، صیہونی دہشت گردی کے ہمیشہ کے حربے کے ذریعے ملک کی سیکورٹی اور انٹیلی جنس کے شعبے کے ایک کمانڈر کو قتل کیا ہے۔ بریگیڈیر جنرل سید مجید خادمی، جنھوں نے کئی عشروں سے سیکورٹی، انٹیلی جنس اور ملک کے دفاع کے میدان میں گمنامی کے ساتھ بہت زیادہ مجاہدت کی تھی، شہادت کے درجے پر فائز ہو گئے تاہم اسلامی مملکت ایران میں حق و حقیقت کی راہ کے مجاہدوں اور سپاہیوں اور جان کی بازی لگانے والی مسلح فورسز کی مضبوط صف، اتنی بلند اور سیسہ پلائی ہوئي دیوار کی مانند ہو چکی ہے کہ دہشت گردی اور جرائم، ان کے جہادی اہداف میں ذرہ برابر بھی خلل پیدا نہیں کر سکتے۔
اس گمنام اور شجاع کماندڑ کی شہادت پر میں ان کے محترم اہل خانہ، ان کے ساتھی مجاہدوں اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے انٹیلی جنس کے ادارے کے کمانڈروں کو تہنیت اور تعزیت پیش کرتا ہوں اور خداوند عالم سے ان کے درجات کی بلندی کی دعا کرتا ہوں۔
سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای
6 اپریل 2026
6 اپریل 2026

