ڈاکٹر لاریجانی کی شہادت پر رہبر انقلاب کا تعزیتی پیغام
سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری ڈاکٹر علی لاریجانی، ان کے بیٹے اور بعض رفقائے کار کی شہادت پر رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای نے ایک تعزیتی پیغام جاری کیا۔ پیغام حسب ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
ولاتَحسبَنَّ الّذینَ قُتِلوا فی سبیلِاللہِ اَمواتاً بَل اَحیاءٌ عِندَ رَبِّھِم یُرزَقون
بہت رنج و الم کے ساتھ سپریم نیشنل سیکورٹی کونسل کے سیکریٹری جناب ڈاکٹر علی لاریجانی، ان کے بیٹے اور بعض رفقائے کار کی دردناک شہادت کی خبر موصول ہوئي۔ وہ ایک عالم، دور اندیش، بابصیرت، ذمہ دار اور مختلف سیاسی، عسکری، سیکورٹی، ثقافتی اور انتظامی میدانوں میں گوناگوں تجربات کے حامل تھے۔ اسلامی جمہوری نظام کے مختلف شعبوں میں قریب پانچ عشروں تک ان کی جانب سے ادا کیے گئے کردار نے انھیں ایک ممتاز شخصیت بنا دیا تھا۔
یقینی طور پر ایسی شخصیت کا قتل ان کی اہمیت اور ان کے سلسلے میں اسلام کے دشمنوں کے بغض و کینے کی نشاندہی کرتا ہے۔ اسلام کے دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ اسلامی نظام کے تناور درخت کی جڑوں میں ایسے افراد کا خون بہانا، اسے مزید مضبوط بنائے گا۔ البتہ ہر خون کا ایک خوں بہا ہوتا ہے اور شہیدوں کے مجرم قاتل عنقریب ہی وہ خوں بہا ادا کریں گے۔ میں اس فقدان پر اس عظیم شخصیت کی اہلیہ محترمہ، ان کے بچوں اور اسی طرح دیگر رشتہ داروں خاص طور پر جناب آيت اللہ آملی لاریجانی کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتا ہوں اور مرحوم کے لیے خداوند عالم کی بارگاہ میں درجات کی بلندی کی دعا کرتا ہوں۔
سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای
17 مارچ 2026
18 مارچ 2026

