رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے آبادی کے شعبے میں سرگرم عوامی کارکنوں کے خط کا جواب

رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے آبادی کے شعبے میں سرگرم عوامی کارکنوں کے خط کا جواب

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ‌ای نے آبادی کی افزائش کے شعبے میں سرگرم عوامی کارکنوں کے عقیدت کے اظہار اور اسلامی انقلاب کے عظیم الشان قائد شہید خامنہ ای رحمت اللہ علیہ کی شہادت کی مناسبت سے تعزیت پر مبنی خط کے جواب میں، آبادی میں اضافے کے مسئلے اور اس کے اسلامی مملکت ایران کی طاقت اور تمدن کے ساتھ ربط کی طرف اشارہ کیا اور آبادی کے شعبے میں سرگرم عوامی کارکنوں کی روز افزوں کوششوں اور افزائش نسل کی ثقافت کے فروغ پر تاکید کی ہے۔ رہبر انقلاب اسلامی کے جواب کا متن، جو قومی یوم آبادی کے موقع پر سامنے آيا ہے، حسب ذیل ہے:

بسم اللہ الرحن الرحیم

سلام اور آبادی کے شعبے میں سرگرم درد مند کارکنوں کی محبت اور فرض شناسی کے اظہار پر شکریے کے ساتھ؛

تیسرے مقدس دفاع اور قوم کی بے نظیر بعثت کی عظیم نعمت کی گراں قدر کامیابیوں میں سے ایک، جو سب پر آشکار ہو چکی ہے، ایران کا ایک بڑی اور مؤثر طاقت کے طور پر ابھرنا ہے۔ بلا شبہہ اس صورتحال کا جاری رہنا اور زیادہ مطلوبہ درجے تک پہنچنا، آبادی کے مسئلے کے ساتھ براہ راست جڑا ہوا ہے۔ آبادی میں اضافے کی ضرورت کے مسئلے کو بعض اوقات ماضی کی بعض پالیسیوں سے پیدا ہونے والی کمیوں کے ازالے کے پہلو سے دیکھا جاتا ہے لیکن اس کے علاوہ، آبادی میں اضافے کی صحیح اور حتمی پالیسی پر سنجیدگي سے عمل کے ذریعے، ایران کی عظیم قوم مستقبل میں بڑے کردار ادا کرنے اور اسٹریٹجک پیشرفت حاصل کرنے کے قابل ہو سکے گی اور ایران کے نئے اسلامی تمدن کی تشکیل کی سمت میں بڑے قدم اٹھا سکے گی۔ اس لیے آبادی کے شعبے میں سرگرم عوامی کارکنوں کی روز افزوں کوششیں اور افزائش نسل کی ثقافت کا فروغ، اس روشن مستقبل کو یقینی بنانے کی سمت میں قابل توجہ اثر ڈال سکتا ہے۔

دوسری جانب یہ مسئلہ ہمارے عظیم الشان رہبر شہید اعلیٰ اللہ مقامہ کی سب سے اہم فکرمندیوں میں سے ایک تھا، جس پر وہ بہت سی نشستوں، نشست و برخاست اور عمومی و خصوصی ملاقاتوں میں تاکید فرمایا کرتے تھے اور اب بھی یہ نظام کے اہم ترین اسٹریٹجک مسائل میں شمار ہوتا ہے۔ امید ہے کہ آپ عزیزوں کی مخلصانہ کوششیں، ہمارے آقا امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی دعائے خیر کے سائے میں، ان شاء اللہ بابرکت نتائج پر منتج ہوں گی۔

سید مجتبیٰ حسینی خامنہ‌ای

19 مئی 2026

19 مئی 2026